ایُّوب 25
25
1تب بِلدد سُوخی نے جواب دِیا:-
2اِقتدار اور دبدبہ اُس کے ساتھ ہے۔
وہ اپنے بُلند مقاموں میں امن رکھتا ہے۔
3کیا اُس کی فَوجوں کی کوئی تعداد ہے؟
اور کَون ہے جِس پر اُس کی روشنی نہیں پڑتی؟
4پِھر اِنسان کیونکر خُدا کے حضُور راست ٹھہر سکتا ہے؟
یا وہ جو عَورت سے پَیدا ہُؤا ہے کیونکر پاک ہو سکتا ہے؟
5دیکھ! چاند میں بھی روشنی نہیں
اور تارے اُس کی نظر میں پاک نہیں۔
6پِھر بھلا اِنسان کا جو محض کِیڑا ہے
اور آدمؔ زاد کا جو صِرف کِرم ہے کیا ذِکر؟